0

اسلام آباد میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل اجلاس جاری

اسلام آباد: پاکستان کی میزبانی میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کا 48 واں اجلاس جاری ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اجلاس کی صدارت کررہے ہیں۔ او آئی سی رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور مبصر ممالک کے نمائندے شریک ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کریں گے۔ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کی تھیم اتحاد ، انصاف اور ترقی ہے۔
او آئی سی سیکرٹری جنرل

او آئی سی سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طحہ نے یمن کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یمن میں انسانی بحران کی سی صورتحال ہے، سعودی عرب میں شہری آبادی پر حوثی حملے انتہائی قابل مذمت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی میں ملوث ہے، ان کی زمینوں پر قبضہ اور مظالم کر رہا ہے، مسئلہ کشمیر طویل عرصہ سے حل سے محروم ہے، مقبوضہ کشمیر کے بھارت کے زیر قبضہ علاقے متنازع ہیں، کشمیر کا حل کشمیری عوام کی مرضی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت ایک استصواب رائے میں ہے۔

نائیجر کے وزیر خارجہ

نائیجر کے وزیر خارجہ حسومی مسعودو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افریقہ اور دیگر خطوں میں انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے نوجوانوں کی کردار سازی پر توجہ ہے، او آئی سی کے 47ویں اجلاس میں بہت سی قراردادیں منظور ہوئیں جن پر عملدرآمد ناگزیر ہے، کشمیر اور فلسطین پر موثر آواز بلند کی گئی تھی، گروپس کے مختلف اجلاس ہوئے تاہم قابل ذکر پیشرفت نہیں ہوئی جس پر توجہ کی ضرورت ہے۔

اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا اور جموں و کشمیر پر او آئی سی رابطہ گروپ کا اجلاس بھی ہو گا۔

وزراء خارجہ اجلاس میں او آئی سی کے 17ویں غیرمعمولی اجلاس کے فیصلوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ معزز مہمان 23 مارچ کی یوم پاکستان کی پریڈ میں بھی شرکت کریں گے۔

چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی بطور خصوصی مہمان اجلاس میں شریک ہیں۔ او آئی سی غیر رکن ممالک ، اقوام متحدہ ، عرب لیگ اور گلف کوآپریشن کے سینیئر نمائندگان بھی کانفرنس میں شریک ہیں۔

او آئی سی اقوام متحدہ کے بعد دُنیا کی دوسری بڑی بین الاقوامی تنظیم ہے اور دنیا بھر کے 57 مسلم ممالک اس کے رکن ہیں۔ او آئی سی کے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کیلئے ہر سال اجلاس ہوتا ہے۔ پاکستان ،سعودی عرب، ترکی،افغانستان ، ایران ، انڈونیشیا ،ملائشیا،اردن،کویت ، لبنان ، لیبیا، الجزائر،چاڈ، مصر، یمن،سوڈان ،صومالیہ،فلسطین ،مراکش اور نائیجیریا بنیادی ارکان ہیں۔

اسلامی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے 47 اجلاس منعقد ہو چکے ہیں اور پاکستان اس سے پہلے 1970، 1980، 1993 اور 2007 میں چار بار او آئی سی اجلاسوں کی میزبانی کر چکا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں